جاپان میں صارف ٹیکس میں اضافے کا بل منظور

 

 جاپان کی پارلیمان نے صارف ٹیکس (Consumtion Tax) میں اضافے کے مسودہ قانون کو منظور کرلیا ہے۔ نئے قانون کے تحت صارف ٹیکس کی شرح میں دو مرحلوں میں اضافہ کرتے ہوئے، پہلے سنہ 2013 میں 8 فیصد، جبکہ سنہ 2015 تک موجودہ شرح سے دوگنا یعنی 10 فیصد کردیا جائے گا۔

پارلیمان کے ایوان زیریں نے اس مسودے کو جون میں منظور کرلیا تھا۔تاہم، ایوان بالا میں حزب اختلاف کی اکثریت کے باعث اس کی منظوری میں مشکلات پیش آرہی تھیں۔ ایوان بالا میں اس بل کو مرکزی حزب اختلاف جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی اور اس کی اتحادی نیو کومے پارٹی کی حمایت سے جمعہ 10؍ اگست کو منظور کرلیاگیا۔ حزب اختلاف کی دو جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے وزیر اعظم نودا نے ان سے وعدہ کیا ہے کہ وہ جلد ہی ایوان زیریں کو تحلیل کرکے عام انتخابات کا اعلان کریں گے۔

 دونوں ایوانوں سے منظوری کے بعد یہ بل ، قانون بن گیا ہے۔صارف ٹیکس میں اضافے سے اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔