NHK World ریڈیو جاپان کی اردو سروس میں پاکستانی موسیقی کی محفل

 

رواں سال جاپان پاکستان سفارتی تعلقات کے قیام کا 60 واں سال ہے۔ اس خصوصی موقع کی مناسبت جاپان اور پاکستان میں سرکاری و غیر سرکاری سطح پر مختلف تقریبات اور پروگراموں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں بدھ 24 اکتوبر کو جاپان کے قومی نشریاتی ادارے NHK کی اردو سروس کی جانب سے پاکستانی موسیقی کی ایک محفل کا انعقاد کیا گیا ۔ اسٹوڈیو کی تنگی کے باعث اس میں این ایچ اردو سروس کے عملے کے علاوہ چند خصوصی افراد کو ہی مدعو کیا گیا تھا۔ مدعوئین میں جاپان میں پاکستان کے قائم مقام سفیر اسد گیلانی، سفارتخانے کے پریس اتاشی ڈاکٹر رفیق احمد سومرو، پاکستانی خصوصی بلوچی ثقافت کے ماہر اور محقق جناب مورایاما، اور دائتو بنکا یونیورسٹی میں اردو کے پروفیسر ہیروجی کتاؤکا شامل تھے۔
پاکستانی موسیقی ایک جاپانی گروپ نذرانہ (سابقہ نام چلپاسہ) نے پیش کی۔یہ گروپ 4 جاپانیوں پر مشتمل ہے، جو بنیادی طور پر الگ الگ خطوں کی موسیقی کے ماہر ہیں۔ تاہم، رواں سال پاکستان بازار وغیرہ کئی مقامات پر انہوں نے ایک گروپ کے طور پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
 جاپانی فنکاروں نے رباب، بانسری، ڈھول اور عربی وائلن پر پاکستانی دھنیں نہایت عمدگی سے بجائیں، اور جاپانی گلوکارہ نے اردو، پشتو اور سندھی گیت پیش کئے۔محفل موسیقی کا آغاز مشہور قومی نغمے ’دل دل پاکستان‘ سے ہوا۔ اس کے بعد پشتو نغمہ ’بی بی شیرینی‘، جاپانی گیت ’گندھارا‘، سندھی نغمہ ’پیرے پوندی ساں‘ اور آخر میں شاہ باز قلندر کی دھمال پیش کی گئی۔تقریب کی نظامت، ریڈیو پاکستان سے 3 سال کے لئے این ایچ کے اردو سروس میں خدمات انجام دینے کے لیے آئے ہوئے جعفر بلوچ نے خوبصورت انداز میں کی۔

یہ پروگرام ریڈیو جاپان کی اردو سروس سے 15 نومبر کو نشر کیا جائے گا۔ ریڈیو جاپان کی اردو نشریات پاک و ہند اور افغانستان میں ریڈیو پر میڈیم ویو اور شارٹ ویو پر سنی جاسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ دنیا بھر میں یہ انٹرنیٹ کے ذریعے بھی سنی جاسکتی ہیں۔ اس کے لیے درج ذیل لنک کو کلک کریں۔

Urdu Service, NHK World Radio Japan
بانسری: تارو تیراہارا،    رباب: کے اچی ساتو،    ڈھول: چیساتو یاگی،    وائلن: کیوکو اوئیکاوا