پاکستان پیپلز پارٹی جاپان کی جانب سے جاپان کے اردو میڈیا کے اعزاز میں عشائیہ

 

پاکستان پیپلز پارٹی جاپان اور کشمیر کونسل جاپان نے اتوار 15 جولائی کو جاپان کے اردو میڈیا سے متعلقہ افراد (صحافی، کالم نگار، فوٹوگرافر وغیرہ) کے اعزاز میں ایک عشائیے کا اہتمام کیا۔ سائتاما پریفیکچر کے سوکا شہر کے معروف پاکستانی ریستوران نیو ہاٹ مصالحہ میں ، اس عشائیے کا اہتمام،  جاپان مین موجود پاکستانی کمیونٹی کے لیےمیڈیا کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کی غرض سے کیا گیا تھا۔مہمانوں میں جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کے صدر اور پاک جاپان نیوز کے مدیر چوہدری شاہد رضا، اردو نیٹ جاپان سے  مدیر ناصر ناکاگاوا اور کالم نگار شاہد رحمان، عوام نیوز کے شیخ فیاض، روزنامہ مساوات کے جاپان میں نمائندے ملک وسیم، آئی ورلڈ ٹی وی کے امتیاز خان عرف نومی خان،پاکستانی جے پی سے راقم محمد انور میمن،  اور غیر منسلک (آزاد) کالم نگار اور سینئر پاکستانی طیب خان صاحب  شامل تھے۔
تقریب کی نظامت کے فرائض، پیپلز پارٹی کے جناب ممتاز عالم نے نہایت خوش اسلوبی سےانجام دئے۔ شرکاء نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جاپان میں اردو میڈیا کی مشکلات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ میڈیا سے منسلک افراد اپنے ذریعہ معاش سے ہٹ کر کمیونٹی کی ایک خدمت کے طور پر یہ ذمہ داری انجام دے رہے ہیں، اس لیے وقت کی عدم دستیابی کا مسئلہ کافی سنگین ہے۔ اس کے باوجود کمیونٹی کو اکٹھا کرنے لیے ممکنہ حد تک کوششیں کی جارہی ہیں۔ راقم نے اپنے اظہار خیال میں میڈیا سے وابستہ توقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کوئی فرد یا گروپ، اشتہارات وغیرہ کی بنیاد پرمیڈیا کو اپنا ہمنوا بنانے کی کوشش نہ کرے، اور اسے غیرجانبدار (نیوٹرل) ہی رہنے دیا جائے۔ البتہ جو خامیاں نظر آئیں ان پر دلیل کے ساتھ گرفت کی جائے۔ٹوکیو بھٹو ہاؤس کے بانی سائیں سلیم شیرو نے اپنے خصوصی خطاب میں میڈیا کے کردار کو سراہا، اور مستقبل میں میڈیا کے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے کا اعلان کیا۔
منتظمین کے طور پر کشمیر کونسل جاپان کے چیئرمین مرزا خلیل بیگ اور پاکستان پیپلز پارٹی جاپان کے صدر نعیم الغنی آرائیں نے اردو میڈیا کے صحافیوں اور کالم نگاروں کا شکریہ ادا کیا، اور مشکل حالات میں کمیونٹی کو یکجا کرنے کی کوششوں کی تعریف کی۔
لذیذ کھانوں سے لطف اندوز ہونے کے بعد، آخر میں کمیونٹی کے شوقیہ گلوکار شہباز بٹ نے دو خوبصورت نغموں سے حاضرین کو محظوظ کیا اور داد وصول کی۔
 
عشائیے کی تصاویر