سید مطلوب علی کا انتقال پرملال۔ مشتاق قریشی کا سوگوار قطعہ

 

جاپان میں مقین سینئر ترین پاکستانیوں میں سے ایک، جناب سید مطلوب علی صاحب، 24 مارچ 2012 بروز ہفتہ خالق حقیقی سے جاملے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
مرحوم سید مطلوب علی 40 برسوں سے زائد عرصے سے جاپان میں مقیم تھے۔ انہوں نے جاپان میں اسلام کے فروغ میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ وہ اسلامک سینٹر جاپان کے بانیوں میں سے ایک تھے، اور انہوں نے طویل عرصے تک سینٹر کے ڈائریکٹر برائے تعلیم کے طور پر خدمات انجام دیں۔

گزشتہ سال ان کی اہلیہ کےسرطان کے باعث انتقال کے بعد سے وہ خود بھی کافی علیل تھے۔سال کے اواخر سے وہ عارضہ قلب کے باعث ٹوکیو کے ایک ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ ICU میں داخل تھے۔ ملاقات کی اجازت نہ ہونے کے باعث ،ان کے صاحبزادے سعید کے توسط سے حاصل کردہ  صحت کی صورتحال سے،  جناب عبدالارحمٰن صدیقی صاحب ،وقتاً فوقتاً کمیونٹی کو آگاہ کرتے رہتے تھے۔مرحوم کی نماز جنازہ 26 مارچ بروز پیر، دوپہر ساڑے بارہ بجے اوتسکا مسجد میں ادا کی جائے گی۔

ان کے انتقال پر کمیونٹی کے تقریباً تمام افراد نے گہرے رنج و غم کا ظہار کیا ہے۔ان کے دیرینہ ساتھی اور مشہور شاعر جناب مشتاق قریشی نے ان کی وفات پر ایک سوگوار قطعہ لکھا ہے۔
 

رسم تدفین ہے مطلوب کی آج
اک قیامت گزر گئی مرتے مرتے
تھک چکے تھے سارے ہی احباب
ہر جمعہ کو دعا کرتے کرتے