جاپانی ثقافت میں خون کے گروپ کی اہمیت

خاور کھوکھر

آپ اس بات کو اہمیت دیں یا نہ دیں، لیکن جاپانی معاشرے میں شخصی عادات سمجھنے کے لیے خون کے گروپ کو اہمیت دی جاتی ہے۔  اسی لیے بہت سے جاپانی اپنے خون کا گروپ جانتے ہیں، جبکہ بہت سے غیرملکی نہیں جانتے (اور جاپانی یہ سن کر حیران رہ جاتے ہیں)۔ بہت سے جاپانی یقین رکھتے ہیں کہ خون کے ہر گروپ کی خاص شخصیت اور کیمیائی کشش ہوتی ہے، چنانچہ یہ ان کے لیے عام سی بات ہے کہ کسی سے اس کا خون کا گروپ پوچھ لیں، یا اس کی شخصیت کی بنیاد پر خون کے گروپ کا اندازہ لگانے کی کوشش کریں۔ مزید برآں، 20 یا 30 کے عشرے کی عمر کی خواتین کے لیے یہ کوئی انہونی بات نہیں کہ وہ اپنے ممکنہ شوہر کو اس کے خون کے گروپ کی بنیاد پر منتخب کریں۔ خون کے مختلف گروپوں کے لحاظ سے شخصیت کی تشریح پر کئی ایک کتابیں موجود ہیں۔ جن میں سے کچھ تو بیسٹ سیلر بن چکی ہیں ۔ـ

آئیے جاپانی معاشرے کی روایات کے مطابق ان باتوں کو سمجھنے کی کوشش کریں کہ خون کے گروپ سے جاپانی رویات کے مطابق کیا عادات بنی ہیں ـ ۔جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ خون کو چار بڑے گروپوں ميں بانٹا گیا ہے۔  اے، بی ، اے بی،اور او ۔ اس کے بعد ان کو نیگیٹو اور پازٹیو کی کیٹیگریز میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ لیکن آج ہم صرف چار بنیادی گروپوں کی بات کریں گے۔

اے گروپ:

اے گروپ والے لوگوں کی عمومی شخصیت ۔

چیزوں کو احتیاط سے زیرغور لاتے ہیں دوسرے لوگوں کے جذبات کو باآسانی سمجھ سکتے ہیں ۔رحم دل، اچھے میزبان، ممکنہ جھگڑے سےبچنے کے لیے اپنے خیالات کا اظہار نہیں کرتے ۔آہستہ آہستہ اور احتیاط سے کام کرتے ہیں، اور جب تک مطمئن نہ ہو جائیں اگلا قدم نہیں اٹھاتے ۔غلط راستے پر نہ جانے والے طلبا کا احترام کرتے ہیں۔ نزاکت پسند، انتہا درجے کے صفائی پسند، حادثات میں بھی پرسکون رہنے کی صلاحیت رکھنے والے، ذمہ داری لینے میں مضبوط، سخت محنتی، اور احتیاط سے ڈرائیونگ کرنے والے۔

اے گروپ اور دوسرے گروپوں کے مابین کشش ۔

اے گروپ رکھنے والا ساتھی:  ان میں بہت سی چیزیں مشترک ہو سکتی ہیں۔ تاہم، یہ دونوں بہت زیادہ کھنچے ہوئے رہتے ہیں، چنانچہ ایک دوسرے سے برافروختہ بھی ہو سکتے ہیں۔
بی گروپ رکھنے والا ساتھی: اے گروپ رکھنے والا بی گروپ رکھنے والے کی من موجی شخصیت پر رشک کرتا ہے۔ تاہم، اے گروپ والا ساتھی بی گروپ والے کی شخصیت کے بارے میں پریشان بھی رہتا ہے۔
اے بی گروپ والا ساتھی:  اے بی گروپ والا ساتھی اے گروپ والے کے لیے قابل اعتبار ہوتا ہے، جس سے وہ بوقت ضرورت مدد اور اچھا مشورہ لے سکتا ہے۔ ان کا مستحکم محبت والا رشتہ ہو سکتا ہے۔
او گروپ والا ساتھی:  او گروپ والا ساتھی اے گروپ والے کی حفاظت کے خیالات رکھے گا۔ تاہم، اگر اے گروپ والا اسے ہر چھوٹی سے چھوٹی بات بھی بتائے، تو تعلق اچھا نہیں رہے گا۔

بی گروپ:

بی گروپ والے لوگوں کی عمومی شخصیت ۔

اپنے راستے پر جانا پسند کرتے ہیں۔ دوسرے لوگوں کے جذبات، قوانین یا روایات کا خیال کیے بغیر اپنی من مانی کرنا پسند کرتے ہیں۔ من موجی اور قوانین توڑنے کے ماہر، رجائیت پسند، ہر کسی کے لیے دوستانہ اور کھلے دل کے حامل ،حق نہ جتلانے والے، اکیلے ہونے سے ڈر رکھنے والے۔ جلد اکیلے ہو جاتے ہیں اور جلد گھل مل جاتے ہیں۔ لچکدار سوچ کے حامل، عملیت پسند ۔خوابوں کے پیچھے زیادہ نہیں بھاگتے۔ میلوں اور پارٹیوں کے شوقین ،کئی بار محبت میں مبتلا ہونے والے۔ پچھلی محبت پر ٹوٹے دل، مجنوں پن کا شکار نہیں ہوتے ۔

بی گروپ والے لوگوں کی دوسرے گروپ کے لوگوں کے ساتھ کشش ۔

اے گروپ والا ساتھی : اے گروپ والا ساتھی ہمیشہ بی گروپ والے ساتھی کی مدد کرنے کو تیا رہتا ہے،تاہم یہ دونوں جلد ایک دوسرے سے اکتا سکتے ہیں۔ اے گروپ والے اکثر بی گروپ والوں کے بارے میں شکایت کرتے ہیں۔
بی گروپ والا ساتھی:  یہ دونوں احتیاط پسند نہیں ہوتے، چنانچہ بہت سی چیزیں برے انداز میں سر انجام دے سکتے ہیں۔
اے بی گروپ والا ساتھی:  ان دونوں میں کشش ہوتی ہے اور وہ بہت جلد تعلق شروع کر سکتے ہیں۔ یہ دونوں ایک دوسرے سے بہت محبت کرتے ہیں۔
او گروپ والا ساتھی:  یہ ایک دوسرے کو باآسانی سمجھ سکتے ہیں۔ او گروپ والے لوگ بی گروپ والوں کی غلطیوں اور کمزوریوں پر پردہ ڈال سکتے ہیں۔ یہ دونوں ایک دوسرے کے بہترین دوست ثابت ہوتے ہیں۔

اے بی گروپ:

اے بی گروپ والے لوگوں کی عمومی شخصیت ۔

آئیڈیل اور خوابوں کا پیچھا کرتے ہیں۔ ان میں لالچ اور کامیابی کی خواہش رکھنے جیسی تمنائیں نہیں ہوتیں۔ مضبوط روحانیت کے حامل، پرسکون اور منطقی۔ حساس اور دل بڑی جلدی ٹوٹ جاتا ہے۔ نجی زندگی اہمیت رکھتی ہے۔ دوسرے لوگوں کی مداخلت پسند نہیں کرتے۔ کئی ایک مشاغل رکھتے ہیں، کئی ایک میدانوں میں علم کے حصول کی شدید خواہش رکھتے ہیں۔ کتابی کیڑے ہوتے ہیں۔ انوکھے آئیڈیاز اور تخلیقی ذہن کے حامل ہوتے ہیں۔ افسانوی کہانیوں جیسے مشاغل اختیار کرتے ہیں۔ پرسکون اور بےتکلف محبت کا رشتہ رکھنے والے۔

 اے بی گروپ والے لوگوں کی دوسرے گروپ کے لوگوں کے ساتھ کشش ۔

اے گروپ والا ساتھی: اے بی والا شخص، اے گروپ والے کی عزت کرتا ہے، اور ان میں ایک دوسرے کے لیے پرجوش محبت ہوتی ہے۔ تاہم، یہ اکثر لڑائی جھگڑے میں مبتلا رہ سکتے ہیں۔
بی گروپ والا ساتھی: یہ دونوں اچھا جوڑ ہیں اور ایک دوسرے سے باآسانی منسلک ہو جاتے ہیں۔
اے بی گروپ والا ساتھی: ان کا تعلق ہمیشہ متوازی لائنوں پر آگے بڑھتا رہتا ہے۔ یہ کبھی ایک دوسرے کے لیے اپنا ذہن نہیں کھول سکتے۔ ایک دوسرے سے بہت زیادہ قریب نہ ہونا بہترین ہے، اور نہ ہی بہت زیادہ دور ہونا مناسب ہے۔
او گروپ والا ساتھی: یہ دونوں کاروبار اور دوسری کئی سرگرمیوں میں اکٹھے کامیاب ہو سکتے ہیں۔ مل بیٹھ کر یہ دونوں کئی ایک نئی چیزیں باآسانی تخلیق کر سکتے ہیں۔

او گروپ:

او گروپ والے لوگوں کی عمومی شخصیت ۔

حقیقت پسند ،معاشی تصورات کی تخلیق میں اچھی صلاحیت کے حامل، روزی کمانے میں جوانمرد۔ ابتلا کا سامنا مضبوطی سے کرنے والے۔ رومانیت پسند۔ تیزی سے امیر ہونے کا خواب رکھتے ہیں، لیکن آہستہ آہستہ چلنے کی روش اپناتے ہیں۔ جرات مند۔ اپنی منزل کی طرف تیر کی طرح سیدھے جاتے ہیں۔ قیادت کی صلاحیت کے حامل اور اکثر اپنے سے چھوٹوں اور کم درجے والوں کا خیال رکھتے ہیں۔ انتہائی محتاط، چھوٹی چھوٹی چیزوں کی پرواہ نہیں کرتے، اس کی بجائے نقطہ نظر کو وسیع رکھتے ہیں ۔زندگی وقف کر دینے والے، لیکن اجارہ داری کی شدید خواہش کے حامل۔

او گروپ والوں اور دوسرے گروپ والے لوگوں میں کشش ۔

اے گروپ والا ساتھی: او گروپ والا ہمیشہ اے گروپ والے سے آگے نکلنے کی کوشش کرتا ہے۔ یہ دونوں ایک اچھا جوڑ ہیں۔
بی گروپ والا ساتھی: یہ دونوں آزادی سے اور بلا جھجھک بات کر سکتے ہیں اور ان کا باہمی تعلق آرام دہ ہوتا ہے۔ تاہم، او گروپ والے کبھی کبھار بی گروپ والوں کی موڈی شخصیت کی وجہ سے کنفیوژ ہو سکتے ہیں۔
اے بی گروپ والا ساتھی: ان کی سوچیں آپس میں ملتی جلتی ہیں۔ تاہم، اگر وہ ایک ہی میدان میں ہوں تو ایک دوسرے کے ساتھ شدید مقابلہ بازی پر اتر آتے ہیں۔
او گروپ والا ساتھی: یہ دونوں ایک  دوسرے کو اچھی طرح سمجھ نہیں سکتے، اور ایک دوسرے سے باآسانی دوری محسوس کرنے لگتے ہیں۔ بہتر ہے کہ یہ دونوں ایک دوسرے کے بہت زیادہ قریب نہ آئیں۔

 

خون کے گروپ کے لحاظ سے کھانے کی عادات :

ایریکا انیگیال، جاپان کی مس یونیورس اور پیشے کے لحاظ سے خوراک اور صحت کی مشیر، نے خون کے گروپ کے لحاظ سے صحت اور خوبصورتی پر کتابیں شائع کی ہیں ،جیسے "خوبصورت خاتون کا بلڈ گروپ" اور "بلڈ گروپ کے لحاظ سے خوبصورت خاتون کا لنچ باکس"۔ اس کے علاوہ فٹنس اور ہیلتھ میگزین FYTTE کے فروری کے شمارے میں خون کے گروپ کے لحاظ سے ڈائٹنگ کا طریقہ کار متعارف کروایا گیا ہے ،جس کے پیچھے انیگیل کا ہی نام ہے۔ یہاں ڈائٹنگ کے اس طریقے کا مختصر احوال درج ہے۔

گروپ اے کے لیے سفارش کردہ خوراک :
اے گروپ کے لوگوں کے لیے سفارش کردہ خوراک کاربوہائیڈریٹس ہیں، جیسے چاول اور اناج، سبزیاں، اور پھل ۔ کیونکہ اے گروپ والے زرعی قبیلوں سے تعلق رکھنے والے تھے جو زیادہ تر پودوں سے حاصل کردہ خوراک کھاتے تھے۔ تاہم گروپ اے والے دودھ سے بنی مصنوعات کو اکثر اوقات اچھی طرح ہضم نہیں کر پاتے، چنانچہ ان کے لیے دہی لینا بہتر ہے۔ مزید برآں ان کے لیے گوشت کو ہضم کرنا مشکل ہوتا ہے اور باآسانی چربی میں بدل جاتا ہے، چنانچہ اے گروپ والوں کے لیے پروٹین کے حصول کے لیے لوبیا اور مچھلی کھانا بہتر ہے۔ روایتی جاپانی کھانے جیسا کہ میسو سوپ، نتو، توفُو، وغیرہ وغیرہ اے گروپ والوں کی خوراک کے اچھے امیدوار ہوتے ہیں۔

اے گروپ والوں کے لیے سفارش کردہ ورزش :
اے گروپ والوں کی سب سے بڑا دشمن تناؤ کی بیماری ہے، چنانچہ یوگا جیسی کوئی آہستگی سے کی جانے والی ورزش ریلیکس کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔

گروپ بی کے لیے سفارش کردہ خوراک :
بی گروپ والے لوگوں میں مختلف اقسام کے کھانوں کو ہضم کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے جیسا کہ سبزیاں، پھل، مچھلی، مختلف اقسام کے گوشت، اناج اور دودھ سے بنی مصنوعات۔ کیونکہ بی گروپ والے خانہ بدوش قبیلوں سے تعلق رکھنے والے لوگ ہیں، جو سخت ترین موسمی حالات میں زندہ رہنے کے لیے مختلف قسم کے کھانے کھاتے تھے۔ مختلف قسم کی خوراک لینا بہترین رہتا ہے، خاص طور پر پروٹین، ورنہ بی گروپ والے جلد اکتاہٹ اور تھکاوٹ کا شکار ہو سکتے ہیں۔ کم چربیلا ہلکا گوشت، خصوصاً بھیڑ یا گائے کا گوشت، اچھے ہوتے ہیں، کیونکہ یہ باآسانی ہضم ہو جاتے ہیں اور بی گروپ والوں کا استحالہ تیز کر دیتے ہیں۔ تاہم، مرغی، سیم، مکئی، سوبا نوڈلز اور گندم پر مشتمل کھانے بی گروپ والوں کو موٹا کر دیتے ہیں۔

 بی گروپ والوں کے لیے سفارش کردہ ورزش :
بی گروپ والے لوگوں میں شدید تناؤ کی بیماری ہوتی ہے، چنانچہ بہترین یہ ہے کہ چست کھیلوں جیسے ٹینس اور گالف میں حصہ لیا جائے، اور اس کے علاوہ ریلیکس ہونے کے لیے یوگا جیسی ورزش کی جائے۔

گروپ اے بی کے لیے سفارش کردہ خوراک :
اے بی گروپ والوں میں اے اور بی دونوں گروپوں کی خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ مثال کے طور پر، اے بی گروپ والے لوگوں میں گروپ اے والوں کی طرح معدے کی تیزابیت کچھ کم ہو سکتی ہے جس سے کچھ اقسام کے گوشت ہضم کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔ اے بی گروپ والے لوگوں کے لیے سویابین وغیرہ سے پروٹین حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ دودھ سے بنی کچھ مصنوعات کا استعمال اچھی چیز ہے۔ اس لیے، بہترین یہ ہے کہ مچھلی اور سویابین سے پروٹین حاصل کیا جائے، اور مختلف دوسری خوراکیں جیسے سبزیاں، پھل، میوے، دہی، وغیرہ وغیرہ بھی متوازن انداز میں کھائے جائیں۔ گندم، مرغی، مکئی اور سوبا نوڈلز ان کے کھانے لیے اچھی چیز نہیں ہیں۔

اے بی گروپ والوں کے لیے سفارش کردہ ورزش :
اے بی گروپ والے لوگوں میں غصے اور دشمنی جیسے منفی جذبات پائے جاتے ہیں، اور ان کے جسم کے لیے بہت زیادہ جوش میں آنا نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔ چنانچہ اے بی گروپ والے لوگوں کے لیے بہترین ورزشیں یوگا اور ایروبکس ہیں، جن کے ذریعے ریلیکس ہوا جا سکتا ہے اور تناؤ میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

گروپ او کے لیے سفارش کردہ خوراک :
او گروپ والے لوگ دوسرے گروپوں کی نسبت گوشت باآسانی ہضم کر سکتے ہیں۔ تاہم، پروٹین کی کمی انہیں جلد تھکا بھی دیتی ہے، کیونکہ او گروپ والے لوگ ایسے قبیلوں سے تعلق رکھنے والے تھے جو جانوروں کا شکار کرتے اور میوے، پھل اور پودے اکٹھے کرتے تھے۔ یہ قبیلے کم چربی کھاتے تھے، چنانچہ کم چربیلا گائے کا گوشت اور بھیڑ او گروپ والوں کے لیے اچھا ہوتا ہے۔ خصوصاً اومیگا تھری فیٹی ایسڈ والی مچھلی ان کے لیے پروٹین کا بہترین ذریعہ ہے۔ تازہ سبزیاں اور پھل کھانے کی سفارش کی جاتی ہے۔ ابتدائی قبائل اناج اور دودھ سے بنی مصنوعات استعمال نہیں کرتے تھے، چنانچہ او گروپ کے لوگوں کے لیے اس قسم کی خوراک ہضم کرنا مشکل ہوتا ہے۔ گندم اور دودھ سے بنی مصنوعات او گروپ والے لوگوں کو جلد موٹا کر دیتی ہیں۔

او گروپ والوں کے لیے سفارش کردہ ورزش :
دل کی دھڑکن اور پٹھوں کو بہتر کرنے والی ورزشیں ،جیسے بھاگنا اور مکے بازی، او گروپ والے لوگوں کے لیے بہترین ٹھہرتی ہیں۔ چست ورزشیں ہارمون کی سطح کو بھی ٹھیک رکھتی ہیں۔