جاپان کا ایوان زیریں تحلیل۔ قبل از وقت عام انتخابات کے لیے 16 دسمبر کی تاریخ

 

جاپان کے وزیر اعظم یوشی ہیکو نودا نے ، پارلیمان کے ایوان زیریں کو تحلیل کرکے قبل از وقت عام انتخابات کا اعلان کردیا۔ انتخابات کے لیے 16 دسمبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے، جبکہ انتخابی مہم کا آغاز 4 دسمبر سے ہوگا۔

ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان، سنہ 2009 کے انتخابات میں ، جاپان پر تقریباً نصف صدی سے حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کو تاریخی شکست دے کر برسراقتدار آئی تھی۔ تاہم، اس کی اقتصادی پالیسیوں کے باعث، اس وقت ڈیموکریٹک پارٹی اور جناب نودا کی عوامی حمایت کی شرح گر کر صرف تقریباً 20 فیصد رہ چکی ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اسے عام انتخابات میں لبرل ڈیموکریٹک پارٹی سے سخت مقابلہ درپیش ہوگا۔ اس کے علاوہ اب جاپان میں ٹوکیو کے سابق گورنر شنتارو اشی ہارا  اور اوساکا کے ناظم تورُو ہاشیموتو بھی ، اپنی اپنی نوتشکیل شدہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ تیسری قوت کے طور پر میدان میں موجود ہیں۔