نبی کریم صلی اللہ و علیہ وسلم کی ذات اقدس پر چھٹے سیمینار کی تیاریاں
 
جاپان مسلم پیس فیڈریشن (JMPF) ہر سال جاپانیوں کو حضورنبی کریم صلی اللہ و علیہ وسلم کی ذات و صفات سے روشناس کروانے کے لئے ٹوکیو یونیورسٹی میں ایک سیمینار کا اہتمام کرتی ہے، جس میں مختلف اسکالرز نبی کریم صلی اللہ و علیہ وسلم کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہیں۔ یہ سیمینار جاپانی زبان میں ہوتا ہے اور خاص طور پر جاپانی افراد کے لئے ہوتا ہے۔ اس سلسلے کا پانچواں سیمینار 14اکتوبر 2012ء کو ٹوکیو یونیورسٹی میں منعقد ہوا ۔سیمینارکے کلیدی مقرر مشہور امریکی اسلامی اسکالر یوسف ایسٹیس (YUSUF ESTES) تھے۔جبکہ دوسرے مقرر مشہور جاپانی مسلم اسکالر اور کےاو (Keio) یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر کمال اوکودا (Dr. Kamal Okuda)تھے۔

رواں سال بھی جاپان مسلم پیس فیڈریشن کے زیر اہتمام سیمنار انشاء اللہ اکتوبر میں منعقد کیا جائے گا۔ اس کی تیاریوں کے لیے پہلی میٹنگ 7 مارچ 2013 بروز جمعرات ، یُوآئی انٹرنیشنل اسکول میں منعقد ہوئی۔ اجلاس میں سیمنار کا مقام بدستور ٹوکیو یونیورسٹی رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ چھٹے سیمینار کے لیےموضوع، تاریخوں اور جاپانی و غیرملکی اسکالرز کے ناموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ان کی دستیابی کے لحاظ سے معاملات کو اگلے اجلاسوں میں حتمی شکل دی جائے گی۔

سنہ 2008 میں قیام کے بعد سے جاپان مسلم پیس فیڈریشن کے معاملات جمہوری انداز میں چلائے جاتے ہیں۔ ہمارا مقصد چونکہ عہدے نہیں بلکہ اللہ کی رضا ہے، اس لیے انتظامی لحاظ سے ناگزیر صرف دو عہدے رکھے گئے ہیں۔ گزشتہ عہدیداروں کی مدت مکمل ہوچکنے کے باعث، جمعرات کے اجلاس میں آئندہ دو سالوں کے لیے عہدیداروں کا انتخاب بھی کیا گیا۔راقم (محمد انور میمن) کو اگلی مدت کے لیے دوبارہ کوآرڈینیٹر منتخب کیا گیا، جبکہ سیکرٹری کے لیے اسلامک سینٹر جاپان سے تعلق رکھنے والے جناب یوسری الحمزاوی کا انتخاب عمل میں آیا۔

اس تنظیم میں رکنیت کے لیے کوئی شرائط نہیں ہیں۔ ہر وہ شخص جو اللہ کی رضا کے لیے جاپان میں اسلام کا پیغام عام کرنا چاہتا ہو، اور اس مقصد کے لیے ہمارے علمی سیمینار سے اتفاق رکھتا ہو، وہ ہمارے ساتھ شریک ہوسکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں جاپان میں اسلام کا پیغام عام کرنے کے لیے، مل جل کر کاوشیں کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

جاپان مسلم پیس فیڈریشن محمد انور میمن، کوآرڈینیٹر

ای میل : seminar@j-muslims.org ویب سائٹ : http://j-muslims.org