پاکستان کے سیلاب زدگان کے لئے یوکوہاما مسجد سے امدادی سامان کی ترسیل

پاکستان میں آنے والا موجودہ سیلاب ، تاریخ کے بڑے سیلابوں میں سے ایک شمار کیا جارہا ہے ۔ جولائی  سنہ 2010 کے اواخر میں صوبہ خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں سے شروع ہونے والا سیلاب ، پاکستان کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے ۔سیلاب سے ہونے والی تباہی پر ہر پاکستانی نہ صرف اشکبار ہے ، بلکہ اپنے تئیں متاثرین کی مدد کی کوششیں بھی کررہا ہے ۔

دنیا بھر میں مقیم پاکستانی بھی اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے سیلاب زدگان کی امداد کی کوششوں میں حصہ لے رہے ہیں ۔یقیناً جاپان میں مقیم پاکستانی بھی اس سلسلے میں کسی سے پیچھے نہیں ۔ ہر کوئی اپنی اپنی تنظیم کے پلیٹ فارم ، یا اپنی انفرادی حیثیت میں  سیلاب زدگان کی امداد کے لئے نقد رقم یا عطیات اکٹھے کر رہا ہے ۔

گزشتہ دنوں اہالیان کاواساکی و یوکوہاما نے بھی اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے ، جامع مسجد یوکوہاما کے تعاون سے امدادی سامان جمع کرنے کی ایک مہم شروع کی ۔ الحمد للہ کمیونٹی نے اس مہم میں جوش و خروش سے حصہ لیا ، اور کپڑے ، تولیے ، کمبل وغیرہ جیسی روزمرہ کی ضرورت کی اشیاء بڑی مقدار میں فراہم کی ۔ جمع شدہ سامان کو 105 ڈبوں میں بند کرکے ، جاپان اسلامک ٹرسٹ (اوتسکا مسجد) کے تعاون سے پاکستان روانہ کیا گیا ۔

اللہ تعالیٰ ہم سب کی کاوشوں کو قبول فرمائے ، اور نیکی کے کاموں میں مزید بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی توفیق عطا فرمائے ۔                 آمین ۔