پاک جاپان تعلقات کی 60ویں سالگرہ کے بارے میں سفارت خانے کی میڈیا بریفنگ

 

 سنہ 2012 میں پاکستان اور جاپان کے سفارتی تعلقات کے قیام کو 60 سال مکمل ہوجائیں گے ۔ اس سال کو بھرپور طور پرمنانے کے لیےپاکستانی سفارت خانہ ، جاپان میں کئی تقریبات منعقد کرنے کی منصوبہ کر رہا ہے ۔ ان کا مقصد جاپان میں پاکستان کے امیج کو بہتر بنانا ، اور سیاسی، کاروباری ، ادبی، اور معاشرتی سطح پر دو طرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینا ہے ۔ ان مجوزہ پروگراموں سے جاپان کی پاکستانی کمیونٹی کو آگاہ کرنے اور ان کے خیالات سے آگاہی کے لیے  جمعہ 9  دسمبر کو سفارت خانہ پاکستان میں ، جاپان کے پاکستانی میڈیا کے لیے ایک بریفنگ کا اہتمام کیا گیا ۔ سفارت خانے کے ڈپٹی چیف آف مشن ، جناب علی اسد گیلانی نے میڈیا کو اپنے مجوزہ منصوبوں سے آگاہ کیا اور ان کے بارے میں میڈیا کے نمائندوں کی رائے لی ۔اس موقع پر  پریس کونسلر جان عالم آفریدی بھی موجود تھے ۔

جاپانی عوام کو پاکستان کی ثقافت، اس کے کھانوں ، اس کی دستکاری،وغیرہ سے روشناس کروانے کے لیے 24 اور 25 مارچ سنہ 2012 کو ٹوکیو کے یویوگی پارک میں پاکستان بازار کا انعقاد کیا جائے گا ۔اس کے علاوہ سفارت خانہ جن دوسرے پروگراموں پر غور کررہا ہے ، وہ درج ذیل ہیں ۔

  • پاکستان اور جاپان میں سرکاری اور غیرسرکاری (کاروباری، ادبی وغیرہ) سطح پر وفود کا تبادلہ

  • NHK کے تعاون سے سفارت خانے میں مختلف پروگراموں کا انعقاد

  • پاکستانی کھانوں کی کلاسیں

  • اردو کا دن ، جس میں اردو بول چال اور شاعری وغیرہ سے جاپانیوں کو متعارف کروایا جائے گا

  • پاک جاپان تعلقات پر کتاب کا اجراء

  • جاپانی صحافیوں کے لیے دورہ پاکستان

  • پاکستانی اور جاپانی ٹیموں کے درمیان دوستانہ میچوں کا انعقاد

  • پاکستانی فلموں، ڈراموں اور ٹی وی پروگراموں کی نمائش

  • پاکستانی ملبوسات کی نمائش

جناب گیلانی نے بتایا کہ پاکستان بازار کے علاوہ دیگر تمام پروگرام ابھی ابتدائی غوروخوض کے مرحلے میں ہیں ، تاہم ان کی خواہش ہے کہ ان تمام پروگراموں کو عملی شکل دی جاسکے ۔ ان میں سے اکثر پروگراموں کے کامیاب انعقاد کے لیے جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا تعاون بھی ناگزیر ہوگا ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں تمام تفصیلات سے وقتاً فوقتاً میڈیا کے توسط سے کمیونٹی کو آگاہ کیا جاتا رہے گا اور اس معاملے میں غیرجانبداری کو ملحوظ رکھا جائے گا ۔

غیرجانبداری اور شفافیت کو برقرار رکھنے اور سفارت خانے کو اقرباء پروری کے الزام سے بچانے کے لیے راقم نے تجویز پیش کی ، سفارت خانہ ہر اطلاع تمام میڈیا کو برابری کی بنیاد پر فراہم کرے، اور زیادہ سے زیادہ معلومات پریس ریلیز کی شکل میں تمام میڈیا کو بھیجی جائیں ۔ اس کے علاوہ یہ تمام اطلاعات سفارت خانےکی ویب سائٹ پر بھی شائع کی جائیں ۔جناب گیلانی نے ان تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے بتایا کہ سفارت خانے کی ویب سائٹ کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے ، اور تمام معلومات کو ویب سائٹ پر شائع کیا جائے گا ۔

سفارت خانے کے مطابق پاکستان بازار کا پروگرام حتمی شکل اختیار کرچکا ہے ، اور اس کے لیے کئی اسٹال پہلے ہی بک کیے جاچکے ہیں ۔ تاہم ، ابھی تقریباً نصف اسٹال دستیاب ہیں ۔ جو لوگ انفرادی، یا اجتماعی طور پر پاکستانی کھانوں، دستکاری، یا دیگر مصنوعات کے اسٹال لگانا چاہیں ، وہ سفارت خانے کے جناب اسد گیلانی سے رابطہ کر سکتے ہیں ۔
 

سفارت خانہ پاکستان کی ویب سائٹ کا پتہ
http://pakistanembassyjapan.com