یوم آزادی پر سفارت خانہ پاکستان میں تقریب پرچم کشائی

اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ۶۴ویں یوم آزادی کے موقع پر ، ۱۴ ؍اگست سنہ ۲۰۱۰ کی صبح ، سفارت خانہ پاکستان واقع ٹوکیو میں پرچم کشائى کی تقریب منعقد کی گئى ۔ پرچم کُشائى کی اِس تقریب میں ۵۰ سے زائد افراد شریک ہوئے ۔ تقریب کا ابتدائى حصہ سفارت خانے کے بیرونی صحن میں منعقد کیا گیا تھا ۔ تلاوت کلام پاک کے بعد سفیر پاکستان نے پرچم کشائى کی ، جس کے ساتھ شرکاء نے قومی ترانہ پڑھا ۔

تقریب کا دوسرا حصہ ، سفارت خانے کے ہال میں منعقد کیا گیا تھا ۔ سفیر پاکستان نے تقریب سے خطاب کیا ، اور صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے ۔ ان کے بعد، سفارت خانے کےسیاسی قونصلر علی اسد گیلانی نے سلائیڈ شو کی مدد سے ، پاکستان میں سیلاب کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کے بارے میں شرکاء کو بتایا ۔ انہوں نے پاکستان میں حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ ، سفارت خانے کی جانب سے جاپان میں کی جانے والی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے جاپان میں مقیم پاکستانیوں سے بھی ، سیلاب کے متاثرین کی امداد کی کوششوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی درخواست کی ، اور اس مقصد کے مختلف طریقوں سے آگاہ کیا ۔

آخر میں قاری علی حسن نے دعا کروائى ، جس میں انھوں نے سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت کے لئے خصوصی دعا کی ۔

سفارت خانہ پاکستان ، ہر سال یوم پاکستان اور یوم آزادی کے مواقع پر ، پرچم کشائى کی تقریبات منعقد کرتا ہے ، جن میں ٹوکیو اور قرب جوار کے علاقوں کے کئى پاکستانی شرکت کرتے ہیں ۔تقریب کے اختتام پر کھانے اور مشروبات سے شرکاء کی تواضع ، سفارت خانہ پاکستان کی خوشگوار روایت  ہے ، تاہم ، اس بار رمضان المبارک کی مناسبت سے ، اس روایت کو توڑ دیا گیا ۔

سفارت خانے میں ہال میں ، پاکستان کے بارے میں مختلف لٹریچر وغیرہ بھی مہیا کیا گیا تھا ، اور اس کے ساتھ ساتھ جاپانی زبان میں ، سیلاب زدگان کی امداد کی اپیل پر مبنی پمفلٹ بھی رکھے گئے تھے ۔ سفارت خانے کی جانب سے تمام شرکاء سے درخواست کی گئی کہ یہ پمفلٹ زیادہ سے زیادہ جاپانی افراد تک پہنچائے جائیں ، تاکہ امدادی سرگرمیوں میں جاپانی شہریوں کا تعاون بھی حاصل ہو سکے ۔