پاکستان کے یوم آزادی پر سفارتخانے میں پرچم کشائی کی تقریب
 

 اسلامی جمہوریہ پاکستان کی آزادی کی 65ویں سالگرہ کی مناسبت سے، سفارتخانہ پاکستان واقع ٹوکیو میں، 14 اگست بروز منگل پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ سنہ 2012 کا یوم آزادی اس لحاظ سے منفرد رہا کہ اسلامی کیلینڈر کے لحاظ سے یہ 27 رمضان المبارک کا مقدس دن تھا۔ تاہم، شب قدر میں فجر تک عبادت کرنے والے افراد کے لیے صبح کی تقریب میں شرکت کچھ مشکل ہونے کے باعث اس سال سفارتخانے کی تقریب میں حاضری کچھ کم رہی۔ تاہم، اس کے باوجود کوئی ڈیڑھ سو پاکستانی شہریوں نے پرچم کشائی کی اس تقریب میں شرکت کی۔
سفارتخانے کے صحن میں قومی ترانے کے ساتھ قومی پرچم بلند کیا گیا۔ تقریب کا بقیہ حصہ سفارتخانے کے عوامی ہال میں منعقد کیا گیا۔ سفیر پاکستان نور محمد جادمانی نے ، صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کے یوم آزادی پر جاری کئے گئے پیغامات پڑھ کرسنائے۔پیغامات کے بعد انہوں نے شرکاء کو یوم آزادی کی مبارکباد دی اور تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔ آخر میں اچانک سینئر پاکستانی عبدالرحمان صدیقی کی درخواست پر شاعر جاپان مشتاق قریشی نے یوم آزادی کی مناسبت سے دو قطعات پیش کئے۔
 

 
 
تقریب کی مزید تصاویر فیس بک پر