یوشی ہیکو نودا ، جاپان کے 95 ویں وزیر اعظم منتخب

 

 جاپان کی حکمران جماعت ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان کے نو منتخب سربراہ، یوشی ہیکو  نودا   کو جاپان کا نیا وزیر اعظم منتخب کرلیا گیا ہے ۔انہیں منگل 30؍اگست کو جاپانی پارلیمان کے دونوں ایوانوں سے وزیر اعظم منتخب کیا گیا ۔54 سالہ  جناب نودا  ، جاپان کے95 ویں ، اور گزشتہ 5سال میں چھٹے وزیراعظم ہیں ۔وہ سابق وزیر اعظم ناؤتو   کان   کی انتظامیہ میں وزیر مالیات کی ذمہ داریاں ادا کررہے تھے ۔وہ شہنشاہ جاپان کی رسمی منظوری کے بعد، باضابطہ طور پر وزیراعظم کی ذمہ داریاں ادا کریں گے ۔

قبل ازیں انہیں پیر کے روز حکمران جماعت ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان کا سربراہ منتخب کیا گیا تھا۔  ڈی پی جے کے نئے سربراہ کے طور پر انہوں نے پارٹی کو متحد کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے پارٹی عہدیداروں میں دور رس تبدیلیاں کی ہیں ۔ انہوں نے پارٹی کی ایک طاقتور شخصیت اچیرو  اوزاوا کے قریبی ساتھی آزوما    کوشی اشی کو پارٹی کا سیکرٹری جنرل نامزد کیا ہے ۔ ایوان بالا کے کسی رکن کو پہلی بار یہ اہم عہدہ دیا گیا ہے ۔ اب تک پارٹی کا سیکرٹری جنرل ایوان زیریں کا رکن ہوا کرتا تھا ۔ سابق وزیر خارجہ سیجی  مائے ہارا کو ڈی پی جے کی پالیسی ساز کونسل کا سربراہ نامزد کیا گیاہے ۔

نئے وزیر اعظم عنقریب اپنی کابینہ کا اعلان کریں گے۔